بلوچستان ،ڈیرہ بگٹی سے 6 فٹبالر اغواء ،تلاش شروع

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں 6 فٹبالر کو نا معلوم موٹرسائیکل سوار اغواء کرکے لے گئے.

واقعہ ہفتے کے روز وڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے15 کلومیٹر دور کچھی کینال کے قریب لونڈو نالہ کے مقام پر پیش آیا۔

سوئی لیویز کے رسالدار صالح محمد نے عرب خبررساں‌ادارے کو بتایا کہ سوئی سے تعلق رکھنے والے 24 فٹبالر سبی میں ایک فٹبال ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے پک اپ گاڑی میں جا رہے تھے،لونڈو نالہ کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انہیں اسلحہ کے زور پر روکا اور سب کی شناخت معلوم کی۔

شناخت کے بعد ان میں سے چھ فٹبالروں کو اغوا کر کے پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے اور اغو اکاروں نے باقی 18 افراد کو چھوڑ دیا جنہوں نے آ کر مقامی انتظامیہ کو اطلاع دی۔

لیویز رسالدار کے مطابق اغوا ہونے والے کھلاڑیوں کی عمریں 24 سے 30 سال کے درمیان ہیں اور تمام سوئی کے مقامی افراد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مغوی آپس میں رشتہ دار نہیں، سب عام لوگ ہیں، ان میں کسی حکومتی یا خاص شخصیت کے رشتہ دار بھی شامل نہیں۔

لیویز رسالدار نے مزید بتایا کہ اغوا‌ءکی کوئی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے۔

لیویز اور ایف سی نے مغویوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
‌‌
بلوچستان کے نگراں وزیر داخلہ میر محمد زبیر جمالی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔