باجوڑ امن جرگہ کمیٹی نے علاقہ میں جاری بدامنی کے خلاف 13 جولائی کو امن مارچ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے میں مختلف مکاتبِ فکر اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
مشاورتی اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ امن مارچ 13 جولائی بروز اتوار صبح 8 بجے باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس سے شروع ہوگا۔
امن جرگہ کمیٹی کے مطابق مارچ کا مقصد علاقے میں امن و امان کی بحالی کے لیے عوامی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔
مارچ کے دوران ضلع باجوڑ کے تمام کاروباری و تجارتی مراکز بند رکھے جائیں گے، جب کہ داخلی و خارجی راستوں پر بھی آمد و رفت محدود رہے گی تاکہ پروگرام کو پرامن اور مؤثر انداز میں منعقد کیا جا سکے۔
باجوڑ امن کمیٹی نے ملک کے دیگر شہروں میں مقیم باجوڑ سے تعلق رکھنے والی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ مقامی پریس کلبوں کے باہر پرامن احتجاج کے ذریعے اپنے علاقے کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز باجوڑ امن مارچ کیلئے کمپین کرنے کے دوران علاقے کے بااثر شخصیت اور عوامی نیشنل پارٹی مرکزی رہنما مولانا خانزیب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔
واقعے کے خلاف باجوڑکے مرکزی شہرخار میںپرتشدد مظاہرے ہوئے تھے جبکہ اے این پی نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا خان زیب کون تھے؟
مولانا خان زیب کی نماز جنازہ آج دوپہر ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔