جنوبی وزیرستان: اعظم ورسک میں کواڈ کاپٹر حملہ، نوجوان جاں بحق جبکہ خواتین و بچوں سمیت 12 افراد زخمی

جنوبی وزیرستان: اعظم ورسک میں کواڈ کاپٹر حملہ، ایک نوجوان جاں بحق جبکہ خواتین و بچوں سمیت 12 افراد زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں کواڈ کاپٹر کے ذریعے کیے گئے حملے میں ایک طالب علم جاں بحق اور خواتین و بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ واقعہ گلدونہ غنڈی میں خان بدر جے خیل کے گھر پر پیش آیا جہاں ایک گھر پر کواڈ کاپٹر کے زریعے حملہ کیا گیا۔

حملے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت نذیر اللہ ولد مولانا نور سلام کے نام سے ہوئی ہے جو کہ ایک طالب علم تھے۔

اس لرزہ خیز واقعے پر ممبرِ قومی اسمبلی محمد زبیر وزیر نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے معصوم عوام پر وحشیانہ ظلم قرار دیا ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اعظم ورسک کالا باغ میں تاج جے خیل کے گھر پر ہونے والے اس حملے نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ زخمیوں کو مبینہ طور پر ہسپتال منتقل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے اور مدد کے لیے پہنچنے والوں کو بھی روکا جا رہا ہے، جو کہ ناقابلِ معافی جرم ہے۔

ایم این اے زبیر وزیر نے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کو سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ وہ ہر فورم پر ان کی آواز بنیں گے اور اس واقعے کے انصاف کے لیے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں