خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اور باجوڑ میںپولیو ٹیموں کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پرنامعلوم افراد کے حملوں میں ایک اہلکار زخمی ہوا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر پہلاحملہ ضلع بنوں میں ہوا ہے.
پولیس کے مطابق بسیہ خیل میں تورکا بازار کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق زخمی پولیس کانسٹیبل کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب قبائلی ضلع باجوڑ کے علاقے واڑہ ماموند میں پولیو ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور ٹیم محفوظ رہی۔
پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی)کے مطابق27نومبر سے شروع ہونے والے اس پانچ روزہ مہم کے پہلے مرحلے میں ضلع بنوں سمیت پشاور، مردان، کوہاٹ، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں پانچ سال تک کی عمر کے 66لاکھ18ہزار2سو54بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سال پاکستان میں پولیو کے 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں 3 کیسز صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور 2 کیسز سندھ کے شہر کراچی کے ضلع شرقی سے رپورٹ ہوئے ہیں۔