ضلع ٹانک کے علاقے کوٹ ا عظم میں پولنگ سٹیشن کی سیکیورٹی پر معمور پر پولیس اہلکاروں پر حملے میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔
این اے 43 کے 6 پولنگ اسٹیشنز پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے بعد آج 19 فروری کو ری پولنگ کی گئی۔ مذکورہ پولنگ سٹیشنز میں شامل اعظم کوٹ پر دوپہر کے وقت نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کردی۔
مقامی ذرائع کے مطابق 20 سے 25 مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے بعد پولنگ فوری طور پر روک دی گئی ہے۔حملے کے بعد ووٹرز کی آمد رک گئی ہے تاہم پولنگ عملہ موجود رہا۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سےایک حملہ آور کی ہلاک ہوگئے ۔علاقے کو کلئیر کرنے کے بعد دوبارہ پولنگ کا عمل شروع کیا گیا تھا ۔
مقامی ذرائع کےمطابق کل سےنامعلوم افرادکی طرف سےاہل علاقہ کوپولنگ میں حصہ نہ لینے کا کہا جا رہا تھا۔
پولنگ اسٹیشن پر11 بجکر 30 منٹ پر حملہ کیا گیا اس وقت تک 275 ووٹ پول ہو چکے تھے۔ مردوں کے لیے مختص اس پولنگ سٹیشن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 954 ہے۔
اس حلقے سے پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار داور خان کنڈی اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مفتی اسد محمود کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ جے یو آئی ایف کے امیدوار مولانا اسد محمود نے این اے 43 کے ان پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست کی تھی۔