جنوبی وزیرستان :تحصیل مکین کے علاقے میں سپین کمر میں لینڈ مائن کے دھماکے میں ایک بچہ شہیددوسرا شدید زخمی ہوگیا ہے۔
مقامی زرائع کے مطابق تحصیل مکین کے علاقے سپین کمر میں مزمل خان نامی شخص کے دوبیٹے لینڈ مائن کا نشانہ بن گئے جن میں ایک عمران موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا دوسرا بھائی نظر خان زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کےلئے مکین بازار منتقل کیاگیا ۔
سپین کمر لینڈمائن واقعہ پر جنوبی وزیرستان کے سیاسی وسماجی رہنماسعید انور نے کہاکہ وزیرستان میں آئے روز معصوم اور بے گناہ افراد لینڈ مائنز کا شکار ہورہے ہیں، سینکڑوں ہزاروں مرتبہ حکام بالا اور متعلقہ ذمہ داروں کے سامنے احتجاجی مظاہرے ریکارڈ کرنے کے باوجود ان دھماکوں کا تواتر سے رونما ہونا نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ریاستی ذمہ داروں کے لئے باعث شرم ہے۔
مقامی زرائع کے مطابق سپین کمر میں لینڈمائن کا نشانہ بننے والے دونوں بھائیوں کی عمریں 8سے 10سال ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل18نومبر کو مکین کے علاقے زیڑ سر میں ناصر نامی بچہ بھی کلونا بم کا شکار ہوا تھا ۔