قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں لینڈ مائن کے دھماکے میں 11 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا.
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ تحصیل سراروغہ کے علاقے جنتہ کے گاؤں ویشتانائی میں پیش آیا ہے۔
لینڈ مائن کے شکار 11 سالہ بچے کی شناخت شیرعلی ولد شیر انگل کے نام سے ہوئی ہے۔
جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافی حمزا محسود کا کہنا ہے کہ 2009 میں جنوبی وزیرستان اپر میں ہونے والے آپریشن راہ نجات سے قبل علاقے میں کوئی بھی لینڈ مائن کا دھماکہ نہیں ہوا ہے مگر مقامی لوگوں کی واپسی کے بعد کئی سو واقعات ہوچکے ہیں جس میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے ۔
حمزہ محسود نے نیوز کلاوڈ کو بتایا کہ لینڈ مائنز جیسے اہم ایشو پر ملک کی سیاسی پارٹیوں سمیت درجنوں اداروں سمیت بین الاقوامی اداروں کی مکمل خاموشی انتہائی افسوسناک ہے ۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان اپر میں اب تک لینڈ مائنز کے بیشتر واقعات تحصیل سراروغہ میں رونما ہوئے ہیں،اس سے قبل 20 مارچ کو ہی تحصیل سراروغہ کے علاقے جنتہ میں 6 سالہ بچہ بارودی سرنگ کا نشانہ بن گیا تھا.