ڈی آئی خان، اغوا کے بعد بازیابی کے دوران دل کا دورہ ،اکاؤنٹ آفیسر نوید ظفر جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان،ہتھالہ کے قریب ٹانک روڈ پر اغوا ہونے والے 3 سرکاری ملازمین کی بازیابی کے دوران ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر نوید ظفر دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے۔

ان کے ہمراہ اغواء کیے گئے دو دیگر سرکاری ملازمین کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق، تینوں سرکاری اہلکار ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر نوید ظفر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عطاء اللہ اور کلرک عنایت اللہ کو آج صبح نامعلوم مسلح افراد نے ٹانک روڈ سے گاڑی سمیت اغواء کر لیا تھا۔ تینوں ملازمین ڈی آئی خان سے ٹانک ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔

مغویوں کی بازیابی کے لیے ٹانک اور تحصیل کلاچی کے سرحدی علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران تمام مغوی بازیاب ہو گئے، تاہم نوید ظفر بازیابی کے فوراً بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

پولیس حکام کے مطابق، آپریشن کے دوران ایک اغواء کار بھی ہلاک ہوا۔ نوید ظفر کی میت اور دیگر دو بازیاب ملازمین کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں