خالد بیٹنی کی بازیابی کےلئےآبائی ضلع ٹانک میں احتجاجی ریلی اور گرینڈ جرگہ کا انعقاد

سندھ کے ضلع کشمور کےعلاقے کندھ کوٹ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغواء ہونے والے خالد بیٹنی کی رہائی میں حکومتی عدم دلچسپی کے خلاف ٹانک میں احتجاجی ریلی اور گرینڈ جرگہ کا انعقاد کیا گیا۔

ضلع میں رہائش پذیر تمام اقوام نے ریلی اور جرگے میں مشترکہ طور پر شرکت کی۔

احتجاجی ریلی کے بعد منعقدہ جرگہ میں شامل قبائلی وسیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ٹانک سے تعلق رکھنے والے غریب مزدور کو سندھ کے ڈاکوؤں نے اغواء کر رکھا ہے جس کی رہائی کے لیے حکومتی سطح پر کچھ نہیں کیا جا رہا۔

عمائدین کا مزید کہنا تھا کہ خالد بیٹنی کی غیر مشروط طور پر رہائی کے لیے حکومت ٹھوس اقدامات اٹھائیں ورنہ اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے سامنے خالد بیٹنی کی بازیابی کے لیے دھرنہ دیا جائے گا۔

جرگہ نے دو کمیٹیاں تشکیل دی جن میں ایک وفد اسلام آباد میں اعلیٰ حکام سے جبکہ دوسرا سندھ حکومت سےخالدبیٹنی کی رہائی کے لیے ملاقات کرے گی۔

واضح رہے ایک پراٸیویٹ کمپنی میں سکیورٹی گارڈ کے فراٸض سرانجام دینے والے خالد بیٹنی کو تاوان کی غرض سے 24 روز قبل سندھ کے علاقے کندھ کوٹ سے اغواء کیا گیا ہے جس پر تشدد کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ ڈاکو خالد کی رہائی کے بدلے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں۔