ضلع ٹانک کے تھانہ صدر کی حدود میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹانک افتخار شاہ نے واقعے کی تصدیق کردی۔
انہوں نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ یہ واقعہ تھانہ صدر کی حدود وزیر آباد میں پیش آیا۔
ڈی پی او کا کہناتھا کہ شریف الدین نامی پولیس اہلکار اپنے گھر آدم آباد سے ٹانک شہر کی طرف آرہے تھے کہ راستے میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئے۔
افتخار شاہ نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول اسپتال ٹانک منتقل کردیا گیا جب کہ پولیس نے علاقے میں ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ہفتے کے روز ٹانک کے علاقے شاہ نور میں پولیس پارٹی پر دہشتگردوں کے حملے تھانہ صدر کے ایس ایچ او عبدالعلی سمیت 3 اہلکار جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔