سلیمانی چائے پینے سےانسان لمبی زندگی جی سکتا ہے،ماہرین

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق اینالز آف انٹرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ روزانہ دو یا دو سے زائد کپ سیاہ چائے (بلیک ٹی) پینے سے انسان صحت مند رہتا ہے اور لمبی زندگی جی سکتا ہے۔

تحقیق میں 40 سے 69 سال کی عمر کے تقریباً 5 لاکھ مرد اور خواتین کا جائزہ لیا گیا۔

سروے کے تقریباً 10 سال بعد معلوم ہوا کہ جو لوگ وقفے وقفے سے روزانہ دو یا دو سے زیادہ کپ چائے پیتے تھے، ان کے دل کی بیماری اور فالج جیسی وجوہات سے مرنے کا امکان کم تھے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول میں میڈیسن کے ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر اور بوسٹن کے بریگھم اینڈ ویمنز ہسپتال کے ایسوسی ایٹ ایپیڈیمولوجسٹ ہاورڈ سیسو نے کہا کہ یہ ایک دلچسپ تحقیق ہے لیکن غذائی تبدیلی پر ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

بہت سے لوگ مختلف طریقوں سے چائے بناتے ہیں، اگر آپ سیاہ چائے نہیں پینا چاہتے تو فکر نہ کریں تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ دودھ اور چینی والی چائے صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے، لیکن شرط یہ ہے کہ اس میں چینی کی مقدار زیادہ نہ ہو۔