خیبرپختونخوا کے ضلع لوئردیر میں پولیس نے باولے کتے کو مارنےکے جرم میں ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
باولے کتے نے قاری عبداللہ نامی شخص کو زخمی کیا تھا جس کے بعد قاری عبداللہ نے کتے کو پکڑ کر ڈنڈوں سے مار مار کر قتل کیا، اس کی ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی۔
ٹی این این کی رپورٹ کے مطابق تھانہ زیمدارہ میں درج ایف آئی آ ر میں کہا گیا ہے کہ قاری عبداللہ نے کتے کو بے رحمانہ طریقے سے قتل کردیا ہے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہےجس کے بعد پولیس نے ملزم عبداللہ کو گرفتار کیا اور ان سے تفتیش شروع کردی۔
اس سے قبل جب لوئردیر میں باولے کتے کو مارنےکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی ورکر ایلوسیاء کینوے نے ٹویٹر پر اواز اٹھائی اور خیبرپختونخوا پولیس کے اعلی حکام سے ملزم کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد لوئردیر پولیس حرکت میں آئی اور قاری عبداللہ کو گرفتار کیا۔
لوئردیر میدان سے تعلق رکھنے والے سوشل ورکر عتیق الرحمن نے بتایا کہ یہ ذیادتی ہے، کتے نے عبداللہ کو شدید زخمی کیا ،عبداللہ نے دوسروں لوگوں کو بچانے کے لیے کتے کو دبوچ لیا تاکہ مزید افراد کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
عتیق الرحمن نے مزید کہا کہ لوئر دیر میدان میں باولے کتوں کی وجہ سے لوگوں میں حوف وہراس ہے انتظامیہ کو چاہئے کہ اس کے خلاف کاروائی کریں ایک بندے نے باولے کتے کو مارا تو اس کے خلاف مقدمہ درج ہوا اور لوگوں کو ان سے بچانے کے لیے اقدامات نہیں کئے جارہے۔