کراچی کے علاقے صدر میں چینی دندان ساز کے کلینک میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک چینی شہری جاں بحق اور ایک خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی جنوبی اسد رضا نے بتایا کہ فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے تصدیق کی کہ فائرنگ سے متاثر ہونے والے تینوں افراد چینی باشندے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حملہ آور ایک مریض کے بھیس میں کلینک میں داخل ہوا اور اپنی باری آنے انہوں نے ڈاکٹر پر حملہ کیا .
وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس 26 اپریل کو جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے باہر خودکش دھماکے کے نتیجے میں تین چینی باشندوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور دیگر 4 زخمی ہو گئے تھے۔