خیبر پختونخوا پولیس نے ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کرلیا

خیبرپختونخوا پولیس نے دہشتگردوں کےڈرونز کے ممکنہ حملوں سے نمٹنے کے لیے اینٹی ڈرون جیمنگ ٹیکنالوجی متعارف کرا دی ہے، جس کا پہلا کامیاب تجربہ یوم عاشور کے موقع پر پشاور پولیس کی جانب سے کیا گیا۔

سی سی پی او پشاور قاسم خان کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی 3 کلومیٹر کے دائرے میں فضا میں موجود مشکوک ڈرونز کو مانیٹر کر کے انہیں فوری طور پر ناکارہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کے مطابق اس ٹیکنالوجی کا استعمال عاشورہ کے سیکیورٹی پلان کا حصہ تھا اور اسے کامیابی کے ساتھ استعمال کیا گیا۔

سی سی پی او نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع اور ضم شدہ قبائلی علاقوں میں حالیہ مہینوں میں ڈرونز کے ذریعے دہشتگردی کی سرگرمیوں میں اضافے کے شواہد ملے ہیں، جس کے تناظر میں اینٹی ڈرون سسٹم ناگزیر ہو چکا ہے۔

مزید برآں، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے مطابق پولیس نے حال ہی میں تھرمل ڈرونز کی خریداری کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ رات کے وقت آپریشنز اور سرولینس کو مؤثر بنایا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف سیکیورٹی خدشات پر بروقت ردِعمل ممکن ہو گا بلکہ دہشتگرد عناصر کی نقل و حرکت پر بھی گہری نظر رکھی جا سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں