جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل لدھا میں گھر پر مارٹر گولہ گرنے سے خاتون زخمی ہوگئی ہے.
مقامی زرائع کے مطابق گذشتہ شب تحصیل لدھا میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان جھڑپ کے دوران مارٹر کا گولہ سیگہ گاؤں میں ایک گھر پر آگرا جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی.
زخمی خاتون کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جنھیں سول اسپتال لدھا میں ابتدائی طبی امداد کے بعد گھرمنتقل کردیا گیا ہے.
واضح رہے کہ 30 جون کی رات کو لدھا کے مختلف گاؤں پر مارٹر شیلنگ کے نتیجے میں کوٹ لنگر خیل میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی .
واقعے کے خلاف محسود قبیلے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے لدھا قلعے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے شہری علاقے پر شیلنگ فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا .