خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل نواگئی کے علاقے پھاٹک میلہ کے قریب ایک زور دار بم دھماکہ ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر نواگئی سمیت کم از کم پانچ افراد جاں بحق اور 11 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کا نشانہ اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی تھی جو معمول کے دورے پر جا رہی تھی۔
جاں بحق ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل سلطان، تحصیلدار وکیل خان، پولیس سب انسپکٹر نور حکیم، ایک کانسٹیبل اور ایک راہگیر شامل ہیں۔
دھماکے کے فوری بعد ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے سے متاثرہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ قریبی گاڑیوں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
تاحال کسی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، جبکہ شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی گئی ہے۔