خیبر میں پانی کے تنازع پر دو گروپوں میں تصادم،خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے علاقے غنڈی میں پانی کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں دو سگے بھائیوں اور خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دو گروپوں کے درمیان پانی کی تقسیم پر تنازع شدت اختیار کرگیا، جو بعدازاں فائرنگ کی صورت میں سامنے آیا۔

فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیاتاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

علاقے میں کشیدگی کے باعث پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں