ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی نے 18کروڑ مالیت کے نان ڈیوٹی پیڈسگریٹ تلف کرلئے

ریجنل ٹیکس آفس (RTO) راولپنڈی نے غیر قانونی سگریٹوں کی تجارت کے خلاف ایک اہم کارروائی کے دوران 18 کروڑ روپے مالیت کی نان ڈیوٹی پیڈ اور جعلی سگریٹوں کو تلف کر دیا۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ کارروائی چیف کمشنر تہمیہ عامر کی نگرانی میں اور چیف کوآرڈینیٹر IREN عقیل احمد صدیقی کی ہدایات پر کی گئی۔

آر ٹی او روالپنڈی کے مطابق ان سگریٹوں پر واجب الادا ڈیوٹی اور ٹیکس کی مالیت تقریباً 15 کروڑ روپے بنتی ہے جن کی چوری کی کوشش کی جا رہی تھی۔یہ سگریٹ ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک (IREN) اسکواڈ RTO راولپنڈی نے ضبط کیے تھے، جنہیں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی رولز 2005 کے رول 29 کے تحت ضبط کیا گیا اور رول 30 کے تحت تلف کرنے کے قابل قرار دیا گیا۔

یہ تلفی ڈینہ جہلم کے علاقے ناکودر میں ایک محفوظ مقام پر انجام دی گئی جہاں عوام کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔ اس عمل کی نگرانی چیف کمشنر تہمیہ عامر، کمشنر ان لینڈ ریونیو جہلم زون مظہر اقبال، ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹر / ریجنل کوآرڈینیٹر IREN ریاض خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آڈٹ شجاعت علی خان، میڈیا نمائندگان اور دیگر سرکاری گواہوں کی موجودگی میں کی گئی تاکہ مکمل شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ کارروائی فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 کے سیکشن 27(1) اور سیکشن 19(10) کے تحت کی گئی۔یہ فیصلہ کن قدم ایف بی آر کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ ٹیکس چوری کے خاتمے اور بغیر ٹیکس و جعلی تمباکو مصنوعات کی پیداوار اور فروخت میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔