“معرکۂ حق” میں سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار اور 40 شہری شہید ہوئے، آئی ایس پی آر

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع وطن کے دوران شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے بلااشتعال حملوں میں 40 معصوم شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 121 شہری زخمی ہوئے، جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حملوں کے جواب میں پاکستان نے “معرکۂ حق” کے تحت بھرپور اور مؤثر جوابی کارروائیاں کیں۔
“آپریشن بنیان مرصوص” کے دوران پاک افواج نے درست اور نمایاں ہدف کو نشانہ بنایا۔ اس جوابی کارروائی میں پاکستان کے 11 اہلکار وطن پر قربان ہو گئے، جبکہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔
شہداء میں پاک فوج کے نائیک عبدالرحمن، لانس نائیک دلاور خان، لانس نائیک اکرام اللہ، نائیک وقار خالد، سپاہی محمد عدیل اکبر اور سپاہی نثار شامل ہیں۔
پاک فضائیہ کے شہداء میں اسکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، کارپورل ٹیکنیشن فاروق اور سینئر ٹیکنیشن مبشر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی عظیم قربانیاں اور ان کی غیرمتزلزل حب الوطنی قوم کے لیے ایک ناقابل فراموش مثال ہیں۔ پوری قوم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری یا علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے کی کسی بھی کوشش کا ہر محاذ پر فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور ہر جارحیت کے خلاف متحد ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں