ودود محسود
جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے بلوچ کوٹ کے بیسک ہیلتھ یونٹ(بی ایچ یو) میں حفاظتی ٹیکوں کی عدم دستیابی سے علاقے کے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی لوگوں نے شکایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوانے کے لیے طویل فاصلے پیدل طے کر بی ایچ یو بلوچ کوٹ آتے ہیں، مگر بدقسمتی سے وہاں ای پی آئی ٹیکنیشن موجود نہیں ہوتا۔
علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور بی ایچ یو بلوچ کوٹ سمیت تمام طبی مراکز میں حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولتیں بحال کی جائیں تاکہ معصوم بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچایا جا سکے۔
یاد رہے کہ محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی حالیہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 43 فیصد بچے بنیادی حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم ہیں.
رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی وزیرستان میں سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال دیکھنے میں آئی ہے جہاں 98 فیصد بچے حفاظتی ٹیکہ جات سے محروم ہیں۔