پاکستان اور افغانستان میں انسداد پولیو مہم کل (بروز سموار )ٰ سے شروع ہوگی

پاکستان اور افغانستان میں کل بروز سموار 21 اپریل سے انسدادپولیو مہم شروع کی جائیگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کے بعد ایک ہی روز پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان اور افغانستان ماضی میں بیک وقت پولیو مہم چلاتے رہے ہیں،ماضی میں پاک افغان روابط اور تعاون سےپولیومیں نمایاں کمی آئی تھی۔

پاکستان میں159 ، افغانستان کے382 اضلاع میں انسداد پولیومہم چلائی جائے گی۔ پاکستان میں ساڑھے 4کروڑ سے زائد جبکہ افغانستان میں ایک کروڑ16 لاکھ سےزائدبچوں کی ویکسینیشن ہوگی۔

پولیو مہم میں پاک افغان سرحد سےمتعلق خصوصی پلان تشکیل دیا گیا ہے ، پاک افغان سرحد پرفکسڈ، موبائل پولیو ٹیمیں تعینات کی جائیں گی، پاک افغان کراسنگ پوائنٹس پر تمام بچوں کی ویکسینیشن ہو گی۔

واضح رہے کہ رواں سال پاکستان میں اب تک6 جبکہ افغانستان میں ایک پولیوکیس رپورٹ ہوچکا ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں پولیو مہم کی ٹیموں اور ان کی سکیورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کی جانب حملے پیش آتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ پولیو ٹیموں سے و ابستہ اہلکاروں کے اغوا کے واقعات بھی رونما ہوتے رہے ہیں۔

حال ہی میں ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ سے پولیو پروگرام وابستہ صحافی راز محمد کو ایک ساتھی سمیت اغوا کیا گیا ہے۔ شعبہ ظاہر کیا جارہاہے کہ علاقے میں سرگرم کالعدم ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں نے ان اہلکاروں کو اغوا کیا ہے۔

دوسری جانب زرائع کا کہنا ہے کہ کچھ قبائلی اضلاع میں سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پولیو مہم کو ڈور ٹو ڈور مہم کی جگہ سرکاری ہسپتالوں تک محدود کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں