پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج ایک روزہ سرکاری دورے پر کابل پہنچ گئے۔
کابل ہوائی اڈے پر افغان نگراں حکومت کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا، جن میں وزیر خزانہ اور انتظامی امور، وزارت خارجہ کے نمائندے ڈاکٹر محمد نعیم وردک، وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل مفتی نور احمد، چیف آف پروٹوکول فیصل جلالی اور دیگر شرکا نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ استقبال کیلئے افغانستان میں پاکستانی مشن کے سربراہ سفیر عباد الرحمان نظامانی اور سفارت خانے کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
اسحاق ڈار کی قیادت میں وفد میں داخلہ اور ریلوے کے سیکرٹریز، وزارت خارجہ اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر حکام شامل ہیں۔
اس اہم دورے کے دوران اسحاق ڈار کی افغانستان کی نگراں حکومت کے قائم مقام وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند، قائم مقام نائب وزیر اعظم برائے اقتصادی امور ملا عبدالغنی برادر اور قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی سے وفود کی سطح پر ملاقاتیں اور بات چیت متوقع ہے۔
مذاکرات میں تجارت، سیکورٹی، عوام سے عوام کے تعلقات اور دیگر متعلقہ امور پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزارت خارجہ کی قیادت سنبھالنے کے بعد اسحاق ڈار کا افغانستان کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔