جنوبی وزیرستان لوئر میں مسجد کے اندر ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں مولانا عبدالعزیز مسجد میں ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں
جمعیت علماء اسلام ف کے ضلعی امیر مولانا عبداللہ ندیم سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے.
زخمیوں کی شناخت رحمان اللہ ،مولا نور اور شاہ بہران کے ناموں سے ہوئی جنہیں طبی امداد دیکر ہسپتال سے فارغ کیا گیا ہےتاہم مولانا عبداللہ ندیم کی حالت تشویشانک ہونے پر انھیں ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا سے ڈیرہ اسماعیل خان ریفر کردیا گیا۔
ڈی پی او لوئر وزیرستان آصف بہادر کے مطابق دھماکہ نماز سے کچھ دیر پہلے ہوا اور مسجد کے محراب کے قریب نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ سال جون میں جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا میں جے یو آئی کے سابقہ امیر مولانا مرزا جان پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور ہسپتال میں کچھ زیر علاج رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔