خیبرپختونخوا حکومت احتجاج کرنے والے پرائمری سکولوں کے اساتذہ کو معطل کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں احتجاج کرنے والے پرائمری سکولوں کے اساتذہ کی معطلی کا فیصلہ کیا ہے.

پرائمری سکولوں کے اساتذہ کا احتجاج جاری ہے جبکہ اساتذہ اورحکومت کے درمیان معاملات تاحال طے نہیں ہو سکے ہیں۔

گزشتہ روز صوبائی حکومت نے پرائمری سکولوں میں غیرحاضر احتجاجی اساتذہ کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے.ڈائریکٹر ایجوکیشن نے تمام ضلعی ایجوکیشن افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔

حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سکولوں کو بند کرنا حکومتی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔

اساتذہ نے حکومت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ معطلی سے نہیں ڈرتے، اپنے مطالبات کے لئے پہلے بھی قربانیاں دیں اب بھی دیں گے۔

اساتذہ کا کہنا ہے کہ صوبائی صدر اور کابینہ کی طرف سے جو بھی ہدایت ملیں گی ہم ان پر عمل درآمد کریں گے۔

واضح رہے کہ اس وقت خیبرپختونخوا کے 26 ہزار سے زائد پرائمری اسکولز بند ہیں۔آل پرائمری ٹیچرز ایسویس ایشن خیبرپختونخوا نے اساتذہ کی اپگریڈیشن کے لیے بھرپور احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا تھا جس کے نتیجے میں 4 نومبر سے صوبے بھر میں اساتذہ نے پرائمری اسکولوں کو تالے لگا دیے اور ریلی کی شکل میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے قریب جناح پارک پہنچ کر دھرنا دے دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں