پشتون تحفظ مومنٹ پر پابندی عائد

وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ مومنٹ (پی ٹی ایم ) پر پابندی عائد کر دی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے اتوار کو جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’ٹھوس شواہد کی روشنی میں پشتون تحفظ موومنٹ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘

وزارت داخلہ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی ایم ملک میں امن و سیکیورٹی کیلئے خطرہ ہے، 1997 کے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی جاتی ہے.

واضح رہے کہ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین نے 11 اکتوبر کو ضلع خیبر میں پشتون عدالت لگانے کا اعلان کیا تھا۔

پشتون عدالت کیلئے سربراہ پی ٹی ایم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور قائدین سے ملاقاتیں بھی کی تھی۔ حال ہی میں منظور پشتین نے وزیراعلی علی امین گنڈا پور سے ملاقات میں انھیں پشتون عدالت میں شرکت کی دعوت دی تھی ۔

دوسری جانب گذشتہ ایک ہفتےسے خیبرپختونخوا میں پی ٹی ایم رہنماؤں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن شروع کیاہے۔ اس وقت عالمزیب محسود سمیت پی ٹی ایم کے متعدد کارکنان کو تھری ایم او کے تحت گرفتار کئے جاچکے ہیں۔

پی ٹی ایم کارکنان او ر رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن پر خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا ہےکہ یہ گرفتاریاں وفاق کے حکم پر کی جارہی ہیں ۔