محکمہ تعلیم بلوچستان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے بھر میں3500 سے زائد اسکول اساتذہ کی قلت کے باعث غیر فعال ہیں۔
رکن بلوچستان اسمبلی کے سوال پر تحریری جواب میں محکمہ تعلیم نےتفصیلات بتادی .
محکمہ تعلیم کے مطابق فروری میں نئی حکومت کے آنے کے بعد سے 542 اسکول بند ہو چکے ہیں، جس کے بعد تمام 35 اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کے غیرفعال اسکولوں کی تعداد 3694 تک پہنچی ہے۔
اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ254 غیر فعال اسکول پشین میں ہیں.اس کے علاوہ خضدار میں251،قلات میں179،قلعہ سیف اللہ میں 179،بارکھان میں 174، آواران میں 161 اور صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں 152 سکول غیر فعال ہیں.
سائل رکن اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضر ہونے کی وجہ سے جواب ایوان میں پیش نہیں کیا جاسکا اور اسے اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اس وقت بلوچستان میں 15 ہزار 96 سرکاری اسکول ہیں جن میں 48,841 اساتذہ تعینات ہیں۔