جنوبی وزیرستان لوئر،قبائلی رہنما کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملہ ،بیٹا جاں بحق

خیبر پختونخواہ کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں معروف قبائلی رہنما ملک جمیل تو جی خیل کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ان کے جوان سال فرزند جاں‌بحق ہوگئے.

پولیس کے مطابق کڑی کوٹ کے علاقے میں ملک جمیل کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا ہے. دھماکے سے ملک جمیل توجئے خیل، ملک عبدالرشید، گلزادہ اور محمد اللہ زخمی ہوگئے جنھیں علاج کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے.

دھماکے میں جاں بحق ہونے والے جواں سال شمس الدین کی لاش ضرورت کاروائی کے بعد ان کے لواحقین کے حوالے کی گئی ہے۔مقتول کی نماز جنازہ آج شام پانچ بجے مقامی قبرستان میں ادا کی جائیگی۔

جنوبی وزیرستان لوئر میں رواں سال معروف سیاسی شخصیات پر تیسرا حملہ ہے۔ 7 جون کو وانا بازار کے قریب جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولانا مراز جان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے اور دوران علاج 19 جون کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

16 اگست کوصدارتی ایوارڈ یافتہ ملک اسلم نور مرحوم کے بھائی عاشق نور کی گاڑی کو وانا کے علاقے دژہ غونڈی میں ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد راہ گیر زخمی ہوگئے۔