بلوچستان کے ضلع موسی خیل کے علاقے راڑہ شم سے 22 افراد کی لاشیںبرآمد ہوئی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل حمید زہری نےعرب خبررساں ادارے کو بتایا کہ اتوار اور منگل کی درمیانی شب کوئٹہ کو ڈیرہ غازی خان سے ملانے والی شاہراہ این 70 کو موسیٰ خیل کے علاقے راڑہ شم کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نےبند کر رکھا تھا۔
مسلح افراد نے گاڑیوں کو روکا اور شناخت کر نے کے بعد متعدد مسافروں کو نیچے اتارا جنہیں بعد ازاں گولیاں مار کر قتل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے تاہم انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق نہیں کی۔
جس جگہ واقعہ پیش آیا وہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے متصل بلوچستان کے ضلع بارکھان اور موسیٰ خیل کے درمیان واقع ہے۔
رات کو مسلح افراد کی جانب سے مسافروں کے اغوا کے واقعے کی اطلاع ملنے پر قریبی اضلاع سے بھی لیویز، پولیس اور ایف سی کو طلب کیا گیا۔
لیویز حکام کے مطابق رات بھر فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اور صبح روشنی سے پہلے مسلح افراد پہاڑوں کی طرف فرار ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز موقع پر پہنچیں تو انہیں لوگوں کی لاشیں ملیں۔
موقع پر موجود لیویز عہدے دار اکبر خان نے بتایا کہ راڑہ شم تھانے کے قریب سڑک کے پاس سے 22 لاشیں پڑی ہیں۔ انہیں سر اور جسم کے مختلف حصوں میں گولیاں ماری گئی ہیں ان میں زیادہ تر جوان اور کچھ بڑی عمر کے افراد بھی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک شخص زخمی حالت میں بھی ملا ہے جنہیں ٹانگوں میں گولیاں ماری گئی تھیں انہیں ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے۔
لیویز عہدے دار کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں راڑہ شم تھانے منتقل کی جا رہی ہیں۔ ان کی شناخت نہیں ہوئی تاہم شکل و صورت سے پنجاب کے رہائشی معلوم ہوتے ہیں۔ مقتولین میں نہ صرف مسافر بلکہ ٹرک ڈرائیور بھی شامل ہیں۔
لیویز اور پولیس اہلکاروں کے مطابق مسلح افراد نے شاہراہ کو تین مختلف مقامات پر بند کر رکھا تھا انہوں نے مسافر بسوں کو روکا۔ پنجاب جانے اور وہاں سے آنے والی چھوٹی گاڑیوں، مال بردار ٹرکوں اور پک اپ گاڑیوں کو بھی روکا۔
اکبر خان کے مطابق مسلح افراد نے ٹرکوں اور پک اپ گاڑیوں سمیت دس سے زائد گاڑیوں کو جلا کر تباہ کر دیا ہے۔
واقعے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی ہے۔
یاد رہے کہ رواںسال 13 اپریل کو بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 افراد سمیت کُل 11 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔