خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹانک روڈ پر نامعلوم مسلح افرد نے کیش وین کو عملے سمیت اغواء کرکے 5 کروڑ لوٹ لئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ ٹانک روڈ پر ہتھالہ گاوں کے قریب پیش آیا۔ واردات کا علم تب ہوا جب عملہ واپس بینک پہنچا۔
وین میں نجی سیکیورٹی ایجنسی کے عملہ کے 5 افراد سوار تھےجنھیں حملہ آوروں نے بعد ازاں رہا کرکے گاڑی کو آگ لگا دی ۔
وین ڈیرہ اسماعیل خان سے بینک آف خیبر کی رقم لے کر جنوبی وزیرستان لوئر کے صدر مقام وانا جا رہی تھی ۔
واقعہ کا مقدمہ تھانہ ہتھالہ میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ٹانک اور ڈی آئی خان کی سرحد پر پیش آیا ہے۔ بینک کے بازیاب ہونے والے افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے پولیس جائے وقوعہ کا تعین کر رہی ہے کہ واقعہ ٹانک کی حدود میں ہوا ہے یا ڈیرہ کی حدود میں ہوا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل درابن روڈ پر کلاچی موڑ کے قریب بھی نجی سیکیورٹی کرنسی وین کو اسی طرح لوٹا گیا تھا۔