پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے سیاسی جماعت کا نام لیے بغیر کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے خط وہی لکھ سکتے ہیں یہ ان کا وطیرہ ہے، کوئی دوسری سیاسی جماعت ایسے خط نہیں لکھ سکتی، آپ خود ہی نتیجہ اخذ کرلیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو ارسال کیا گیا مراسلہ منظر عام پر آگیا ہے.
عمران خان کی ہدایت پر لکھے گئے خط میں عالمی ادارے سے کہا گیا کہ وہ 2 ہفتوں کے اندر قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 30 فیصد نشستوں کا آڈٹ یقینی بنائے اور بیل آؤٹ پیکیج کے وقت پاکستان کے سیاسی استحکام کو مدنظر رکھے۔
دوسری جانب آج (29 فروری کو) نومنتخب اراکین کی پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، کچھ دیر میں نومنتخب اراکین کی حلف برداری ہوگی۔