نگران وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت برقرار جبکہ ڈیزل 7 روپے سستا کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ یا کمی نہیں کی گئی البتہ ڈیزل ، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 281 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 82 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 4 روپے 52 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نگران حکومت نے 15 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں دو روپے چار پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت میں چھ روپے 47 پیسے فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت میں چھ روپے پانچ پیسے فی لیٹر اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل (ایل ایس ڈی) کی قیمت میں نو روپے ایک پیسے فی لیٹر کمی کی تھی.