بلوچستان کے سب سے بڑے ہسپتال بولان میڈیکل کمپلیکس( بی ایم سی) کوئٹہ میں ادویات کی خریداری اور ریونیو کی مد میں 37 کروڑ سے زائد کی خرد برد سامنے آگیا ہے۔
نجی ٹی وی آج نیوز کو محکمہ خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہےکہ بی ایم سی کوئٹہ میں 34 کروڑ 47 لاکھ روپے کی ادویات کی خریداری کا ریکارڈ غائب ہے،ادویات کی خریداری مالی سال 2020-21 میں کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق دسمبر 2022 کو محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ ادویات کی خریداری کا ریکارڈ سابق کیشیئر کی تحویل میں ہےجو محکمہ صحت کے آڈٹ رپورٹ کی تیاری تک پیش نہیں کیا جاسکا۔
ذرائع محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ بی ایم سی اسپتال نے مالی سال 2020-21 میں مختلف ذرائع سے تین کروڑ روپے کا ریونیو اکھٹا کیا جس میں سے صرف 91 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کئے گئے جبکہ 2 کروڑ 9 لاکھ روپے کا ریکارڈ غائب ہے۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ شبہ ہے سرکاری خزانہ میں جمع نہ ہونے والی رقم خورد برد کا شکار ہوئی۔
آڈٹ رپورٹ میں دونوں کیسز میں ذمہ داروں کا تعین کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔