ضلع ٹانک کے علاقے شاہ نور میں مسلح افراد کی پولیس وین پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈی پی او ٹانک افتخار شاہ نے میڈیاکو بتایا کہ ڈی ایس پی چن شاہ کی سربراہی میں پولیس اہلکار 11 سالہ بچی کے اغواء کاروں کی تلاش میں گاؤں شاہ نور میں موجود تھے کہ گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں تھانہ صدر کے ایس ایچ او عبدالعلی، کانسٹیبل وہاب اور کانسٹیبل عالم شہید ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں ڈی ایس پی رورل چن شاہ سمیت 4 اہلکار زخمی ہوئے جن کو فوری طور پر سول ٹانک اسپتال منتقل کیاگیا۔
افتخار شاہ نے بتایاکہ3 شدید زخمی جن میں ڈی ایس پی چن شاہ، اکرام اور ریاض شامل ہیں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا۔
یاد رہے کہ شہید ایس ایچ او عبد العلی پر اس سے قبل بھی کئی مرتبہ قاتلانہ حملے ہوئے ہیں جبکہ ان کے بھائی کانسٹیبل عثمان غنی ٹانک کے علاقے گومل میں اشتہاریوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں۔