رواں سال پاکستان میںپولیو کا تیسرا کیس بھی خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں سے رپورٹ کیا گیاہے.
محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بنوں کی یونین کونسل گھوڑا بکا خیل میں 18 ماہ کی بچی پولیو وائرس کا شکار ہوکر معزور ہوگئی ہے.
واضح رہے کہ یکم اگست کو بھی ضلع بنوں میں ہی پولیو کا دوسرا کیس رپورٹ ہوا تھا جہاں 3 سالہ بچہ پولیو وائرس کی وجہ سے مفلوج ہو گیا تھا۔
اس سے قبل مارچ میں پاکستان میں رواں سال کا پہلا پولیو کیس بھی اسی ضلع سے رپورٹ ہوا جہاں 3 سالہ بچہ مستقل معذوری کا باعث بننے والے وائرس کا شکار ہوا۔
سال کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ جنوبی خیبرپختونخوا میں 7 اضلاع ہیں، جن میں ڈیرہ اسمٰعیل خان، لکی مروت، ٹانک، بنوں، جنوبی وزیرستان اور شمالی وزیرستان شامل ہیں، جہاں یہ وائرس موجود ہے، ان علاقوں میں ویکسی نیشن مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔
یہ علاقے 2022 میں بھی پولیو وائرس کا مرکز تھے، جہاں گزشتہ سال 20 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، ان میں سے 17 متاثرہ بچوں کا تعلق شمالی وزیرستان، 2 کا تعلق لکی مروت اور ایک کا جنوبی وزیرستان سے تھا۔
واضح رہے کہ عالمی طور پر 2023 کو پولیو کےخاتمے کا ہدف قرار دیا گیا ہے۔