خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تحلیل، گورنر نے استعفے منظور کرلیے

خیبرپختونخوا کے نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان کے بعد گورنرحاجی غلام علی نے نگراں حکومت کے وزرا، مشیر اور معاونین کے استعفے منظور کرلیے جس کے بعد کابینہ تحلیل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا اعظم خان نے کابینہ کے تمام ارکان کے استعفے منظور کرلیے جس کے بعد کابینہ تحلیل ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں اعظم خان نئے وزراء کو کابینہ اور حکومتی ٹیم کو کابینہ میں شامل کریں گے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق جن ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ان میں نگران صوبائی وزرا سید مسعودشاہ ، عبدالحلیم قصوریہ ، جسٹس(ر)ارشاد قیصر، سید محمد علی، بخت نوازخان، منظور خان آفریدی، حاجی محمد غفران ، حامد شاہ ، شفیع اللہ ، ساول نذیر ایڈوکیٹ، حاجی فضل الہی ، تاج محمد آفریدی ، بیرسٹر فیروز جمال ، مطیع اللہ مروت شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چاروں مشیروں ،حمایت اللہ ، سید جرارحسین بخاری ، ظفر محمود، رحمت سلام خٹک اور 7 معاونین خصوصی سلمیٰ بیگم ، ڈاکٹر ریاض انور ، پیر ہارون شاہ ، شیرازاکرم باچا، ملک مہر الہٰی ، ہدایت اللہ آفریدی، اشرف داوڑ کے استعفے بھی اعظم خان نے منظور کرلیے۔

گورنرکی منظوری کے بعد خیبرپختونخواکی نگران کابینہ میں شامل وزرا کو عہدے سےفارغ کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعلیٰ نے خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزرا سے استعفے طلب کیے تھے، کچھ وزرا نے فوری استعفی دے دیے تھے بقیہ وزرا نے آج استعفی ارسال کیے ہیں۔