ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں مسجد کے اندر خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور اشفاق انور نے میڈیا کو بتایا کہ ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں واقع مسجد میں خودکش دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس پر ایڈیشنل ایس ایچ او اور ان کے ساتھ نفری وہاں پہنچی تو حملہ آور نے ان کو دیکھ کر وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
اشفاق انور کا کہنا تھا کہ پولیس نے حملہ آور کا تعاقب کیا اور اسی دوران حملہ آور مسجد کے اندر چلا گیا اور وہاں اس نے خود کو اڑا دیا، جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او شہید ہوگئے۔
سی سی پی او پشاور نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کا ایک ساتھی گرفتار کر لیا گیا ہے ، دھماکے کا ہدف مسجد نہیں تھا تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ضلع خیبر میں 20 جولائی کو باڑہ بازار کے تحصیل کمپاؤنڈ میں واقع پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکے سے 3 افراد شہید اور پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔