اسلام آباد:جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل تیارزہ کے علاقے وادی بدر میں ساس کے بعد بہو لینڈ مائن کانشانہ بن گئی ،زخمی حالت میںڈیرہ اسماعیل خان منتقل کی گئی.
مقامی زرائع کے مطابق وادی بدر میں پیش آنے والے بارودی سرنگ کے واقعہ میں 45 سالہ خاتون کا دائیں پاؤں شدید زخمی ہوا ہے.
علاقے کے میئر شاہ فیصل غازی نے واقعے کی تصدیق کی ہے، اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ واقعہ میں زخمی ہونے والی خاتون کی عمر 40 سے 45 سال ہے جسے ابتدائی طبی امداد آسمان مانزہ برگیڈ میں دی گئی ہے.
پشتون تحٖفظ مومنٹ کے رہنما عالمزیب محسود جو لینڈ مائنز واقعات کے خلاف سرگرم ہیں کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان کے وادی بدر میں لینڈ مائن دھماکے سے عبداللہ شاہ گیگا خیل کی اہلیہ شدید زخمی ہوئی ہے جس کو اپنی مدد آپ کے تحت ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال شفٹ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عالمزیب محسود کا کہنا تھاکہ 2 سال پہلے عبداللہ شاہ کی والدہ بھی لینڈ مائن دھماکے کا شکار ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں سال 16 اپریل کو جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں لینڈ مائن کے دھماکے میں 11 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا تھا۔