کوئٹہ:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف قتل اور دہشتگردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے قاسم سوری اور مبین خلجی کی ہدایات پر ائیر پورٹ روڈ پر مظاہرہ کر تے ہوئے سڑک بلاک کرکے جلاؤ گھیراؤ کیا، مظاہرین کو اکساتے ہوئے عسکری چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی، پولیس کی جانب سے روکنے پر مظاہرین نے براہ راست فائرنگ شروع کردی جس میں عمر عزیز نا می شخص جاں بحق ہو ا جب کہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق مظاہرین نے حکومت پاکستان اور حساس اداروں کے خلاف نعرے بازی کی، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا، پولیس سے اسلحہ چھینا اور گاڑیوں کو آگ لگائی۔
قاسم سوری کے علاوہ مبین خلجی، ڈاکٹر منیر بلوچ، خادم حسین وردک اور باری بڑیچ سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف قتل، اقدام قتل، دہشتگردی، سرکا ری اسلحہ چھینے، بغاوت، کار سرکار میں مداخلت سمیت 18دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔