میرانشاہ :شمالی وزیرستان میں انتظامیہ کی جانب سے کئے گئےسروے میں تعلیم، صحت اور پولیس کے محکموں میں سینکڑوں گھوسٹ ملازمین کا انکشاف ہوا ہے۔
جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے تعلیم،صحت اور پولیس کے محکموں کا سروے کیا گیا .
ایجوکیشن مانیٹرنگ سسٹم کےتحت اسکولوں سے مسلسل غیر حاضر رہنے والے 48 ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے، اسکولوں میں نہ جانے والے 74 ملازمین کو معطل ،4 کو جبری ریٹائر جبکہ 10 طبی بنیادوںپر ریٹائرڈ کیا گیا.
بیان کےمطا بق محکمہ صحت کے ملازمین کو کہاگیا کہ وہ ضلع بھر میں موجود طبی مراکز اور ہسپتالوں میں بائیومیڑک حاضری کو حاضری یقینی بنائیں جس کے تحت 2627 ملازمین میںسے اب تک 2228 ملازمین نے بائیومیٹرک تصدیق کی ہے . 399 ملازمین کو غیر حاضر پائے جانے پر ان کی تنخواہ روک دی گئی ہے.
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ محکمہ پولیس کے 400 اہلکاروں کی تنخواہیں مسلسل غیر حاضری پر روک دیں اور 164 پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ہے۔