خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث رونما ہونے والے حادثات میں 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد مال مویشی ہلاک ہوگئیں۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) کی رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث لکی مروت میں 3 جبکہ شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے. حادثات میں 2 افراد بھی زخمی ہوئے جن کو علاج کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔
ادھر مردان کے تحصیل رستم میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث پہاڑوں میں موجود 70 کے قریب بکریاں ہلاک ہوگیئں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ گزشتہ روز رستم کے نواحی علاقے تنور نامی گاؤں میں پیش آیا ہے جس میں تین رہائشیوں کے بکریاں ہلاک ہوگئیں ہیں۔ متاثرین کے مطابق بکریاں ہلاک ہونے سے انہیں 15 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب طوفانی بارش اور ژالہ باری کے باعث صوبے کے کئی پہاڑی اور میدانی علاقوں میں گندم کی کھڑی فصلوں، پھلوں کے باغات اور سبزیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ اسی طرح مختلف حادثات میں درجنوں مکانات بھی متاثر ہوگئے ہیں۔