کوئٹہ : پولیس وین کے قریب دھماکہ،دو اہلکارسمیت چار افراد جاں بحق

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس وین کے قریب بم دھماکے میں چار افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے قندھاری بازار میں پولیس وین کے قریب ہوا ، جاں بحق افراد میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں.

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان ڈاکٹر وسیم بیگ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کی اور بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک کم سن بچی بھی شامل ہے۔

ترجمان کے مطابق انہوں نے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے اور تمام ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر بلا لیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے پولیس اہلکار کی گاڑی کو نقصان پہنچا، لوگوں کی گاڑیوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی نے قبول نہیں کی تاہم گزشتہ روز اور چند روز قبل کوئٹہ کے قریب کچلاک کے علاقے میں پولیس پر دو حملے ہوئے تھے جن میں چار پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے،ان دونوں حملوں کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔