ترکی کے جنوب اور شمالی شام میں 7.8 شدت کےزلزلے نے تباہی مچادی،ترکی میں کم از کم 284 اور شام میں 386 افراد ہلاک جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا کہ حلب، حما، لطاکیہ اور طرطوس کے شہروں سمیت حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں میں زلزلے سے کم از کم 239 افراد ہلاک اور لگ بھگ 648 افراد زخمی ہوگئے۔
امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ملک کے شمال مغربی علاقوں میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کم از کم 147 افراد ہلاک اور 340 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام نے بتایا ترکی میں تاحال 284 اموات اور 500 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ترک شہرمالتیا کے گورنر کا کہنا ہے کہ زلزلے سے 140 عمارتیں منہدم ہوگئیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ جنوب مشرقی ترکی میں 7.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا، جس سے کئی شہروں میں عمارتیں زمین بوس ہوگئیں جبکہ پڑوسی ملک شام میں بھی نقصان پہنچا۔
ترک ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں ریسکیو اہلکاروں کو کہرامنماراس اور ہمسایہ شہر غازیانتپ میں عمارتوں کے ملبے کو کھودتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام شہری جو زلزلے سے متاثر ہوئے ہیں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ ہم جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے۔