افغانستان میں گزشتہ ایک ہفتے میں ملک میں شدید سردی کے باعث 78 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
افغانستان کی وزارت برائے انسداد قدرتی آفات کے ترجمان شفیع اللہ رحیمی کے مطابق ملک میں شدید سردی کے نتیجے میں 75 ہزار سے زائد مویشی بھی مر چکے ہیں۔ ان کے اندازوں کے مطابق طالبان حکومت نے ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد لوگوں تک پہنچنے اور ان کی مدد کرنے کی کوشش کی ہے۔ رحیمی نے کہا، ”اس شدید سرد موسم میں مزید خاندانوں کی مدد کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی فلاح و بہبود کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ افغانستان میں شدید سرد موسم کے سبب ملک کے بیشتر علاقوں میں ہزاروں مویشی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ او سی ایچ اے کے مطابق، ”محدود ہوتے معاشی وسائل اور اثاثے ایک ایسے وقت میں افغان عوام کو مزید خطرے میں ڈال رہے ہیں جب 21.2 ملین لوگوں کو خوراک اور زرعی امداد کی فوری ضرورت ہے۔‘‘
موسمیاتی پیشین گوئیوں کے مطابق اس ہفتے کے آخر میں افغانستان کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت منفی 35 ڈگری تک گر جائے گا۔