پاکستان میں ریپ کے مقدمات کی سماعت کے لئے خصوصی عدالتیں قائم ہوگئی ہیں، وزارت قانون و انصاف

اسلام آباد:ریپ کے مقدمات کی سماعت کے لئے اینٹی ریپ لاکے تحت خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں آچکاہے،ان کیسز کی تفتیش کے لئے خصوصی پولیس یونٹ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔

وزارت قانون و انصاف سے جاری بیان کے مطابق اینٹی ریپ سپیشل کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق کی سربراہی میں وزارت قانون و انصاف میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف مہناز اکبر عزیز، فوکل پرسن اینٹی ریپ کمیٹی اسامہ مالک دیگر ممبران اور وزارت قانون کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔اجلاس میں اینٹی ریپ لاء کو نافذ کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا اور پیشرفت سے شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ اینٹی ریپ لاء کے تحت خصوصی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے جو ریپ کے مقدمات کی سماعت کریں گی، ریپ کیسز کے مقدمات کی تفتیش کے لئے خصوصی پولیس یونٹس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔اجلاس میں ریپ کیسز میں کمی لانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔