پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ٹی ایم اے )خیبر پختونخوا نے 29 اگست سے 5 ستمبر تک صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بارش کا امکان ہے جبکہ یکم سے 4 ستمبر کے دوران کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور وزیرستان کے اضلاع بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ 31 اگست سے 5 ستمبر کے دوران مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔
انتظامیہ نے متنبہ کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی سے کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور عوام کو ندی نالوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو موسم کی صورتحال کے مدنظر غیر ضروری سفر، بالخصوص شدید بارش میں ٹریکنگ اور کیمپنگ سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








