جنوبی وزیرستان،امن کمیٹی کا رضاکار گاڑی پر حملے میں زخمی،ساتھی جاں بحق

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ میں نامعلوم مسلح افراد نے امن کمیٹی کے رضاکارموسی خان ہیبت خیل کی گاڑی پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کر کے شدید فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ان کا دوست اور پولیس اہلکار عبدالنواز جاں بحق جبکہ وہ خود زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ مغرب سے پہلے اس وقت پیش آیا جب موسی ہیبت خیل عرف موسکے اپنے دوست کے ساتھ گاڑی میں سراروغہ سے مکین کی طرف جا رہے تھے کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

زخمی کو فوری علاج کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کر دیا گیا ہےجبکہ جاں بحق پولیس اہلکار کی لاش ضروری قانونی کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے۔

جنوبی وزیرستان پولیس نے واقعے کی تحقیقات سمیت حملہ آوروں کی تلاش کردی ۔