بنوں: تھانہ میریان پرخودکش دھماکہ، پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 زخمی

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں عسکریت پسندوں نے تھانہ میریان کو نشانہ بناتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے ایک خودکش حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔

دھماکے کی شدت سے قریبی مکانات اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں فرقان بلال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے بارود سے بھری گاڑی تھانے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا اور تھانے میں موجود 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی زد میں آکر موقع پر موجود سیکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق خودکش دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں جبکہ دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ملبے تلے دبنے اور دھماکے کی زد میں آنے سے علاقے میں مزید جانی و مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد عسکریت پسندوں اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیاجو کافی دیر تک جاری رہا۔

حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او بنوں فرقان بلال خود پولیس کی بھاری نفری اور سیکیورٹی فورسز کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے تھانہ میریان اور اس کے ارد گرد کے تمام علاقوں کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا ہے اور عسکریت پسندوں کی تلاش سمیت ملبے تلے دبے ممکنہ متاثرین کی مدد کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔