جنوبی وزیرستان لوئر، پی ٹی ایم رہنما گیلامن وزیر کی برسی پر تقریب کا اہتمام

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں معروف شاعر اور پی ٹی ایم رہنما مرحوم گیلامن وزیر کی برسی پرایک تقریب کا اہتمام کیا گیاجہاں مقررین نے پختون حقوق، امن اور انصاف کے لیے ان کی سیاسی و ادبی جدوجہد کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب کے شرکا اور مقررین نے گیلامن وزیر کی زندگی، سیاسی تحریک، ادبی و شعری اثاثوں اور ان کے فکری موقف پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

مقررین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی دھرتی، زبان اور قومی شناخت کے تحفظ کے لیے بے مثال مبارزہ کیا اور اپنی شاعری، تحریروں اور تقاریر کے ذریعے ظلم، ناانصافی اور جنگ و جدل کے خلاف ہمیشہ ایک مضبوط موقف اپنایا۔ وہ علاقے میں جاری بدامنی، بے گھری، جبری گمشدگیوں اور پختون عوام کو درپیش دیگر سنگین مسائل پر مسلسل آواز اٹھاتے رہے۔

شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ گیلامن وزیر کی جدوجہد کے پیغام کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے اور ان کے افکار و نظریات کو پھیلانے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی کیونکہ ان کی قربانی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ ایک پورے نظریے اور فکر کی نمائندگی کرتی ہے۔

مقررین نے مزید کہا کہ گیلامن وزیر نے اپنی انقلابی شاعری کے ذریعے نوجوانوں میں سیاسی شعور، بیداری اور سماجی ذمہ داری کا احساس پیدا کیا، اور وہ افغانوں کے مابین اتحاد، بھائی چارے اور باہمی احترام کے زبردست حامی تھے۔

تقریب میں پی ٹی ایم لوئر جنوبی وزیرستان کے صدر شہزاد وزیر، تحریک کے مرکزی رہنما مولانا زینت اللہ افغان، فرمان وزیر، محمد رسول وزیر، برمل کے کوآرڈینیٹر شاہ حسین پشتین، وانا کے کوآرڈینیٹر عمران پشتین، شکی کے رہنما نور عالم وزیر سمیت تحریک کے کارکنوں اور مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر گیلامن وزیر اور دیگر پختون شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔