جنوبی وزیرستان: مبینہ کواڈ کاپٹر حملے میں 3 بچیاں جاں بحق، 4 افراد زخمی

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل اعظم ورسک کے علاقے نرگسئی (سوئی خیلہ) میں گزشتہ رات ایک گھر پر مبینہ طور پر کواڈ کاپٹر سے گولہ گرا۔ واقعے کے نتیجے میں تین کمسن بچیاں جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مقامی شہری محمد گل عرف باگل کے گھر پر پیش آیا جن کا تعلق وزیر قبیلے کی ذیلی شاخ دینور سے ہے۔

دھماکے کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا۔

ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے اور اس وقت ان کی حالت خطرے سے باہر اور مستحکم ہے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 15 سالہ مینکہ بی بی، 9 سالہ گلنازہ بی بی اور 6 سالہ بشروبانہ شامل ہیں۔ زخمیوں میں مزلہ بی بی، 13 سالہ خاطر، 4 سالہ نقیب اور 22 سالہ گل زدین شامل ہیں۔

سیکیورٹی حکام واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔