جنوبی وزیرستان اپر سے منتخب رکنِ صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) آصف خان محسود کے اغوا سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تمام خبریں اور افواہیں بے بنیاد ثابت ہو گئی ہیں۔
سماجی کارکن عالم زیب خان محسود کے ہمراہ ان کی ایک تازہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ بالکل محفوظ ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو میں عالم زیب خان محسود نے تصدیق کی ہے کہ ایم پی اے آصف خان محسود نے ان کے علاقے تنگی بادین زائی کا دورہ کیا ہے۔ دورے کے دوران انہوں نے علاقے کی سڑک سمیت تمام عوامی مسائل کو نوٹ کیا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے اغوا کی جھوٹی خبروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف قومی سطح پر ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
اس سے قبل آج صبح یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ تحصیل لدھا کے علاقے تنگی بدین زائی میں روڈ کا معائنہ کرنے کے بعد سے آصف خان محسود اور ان کے ساتھیوں کے موبائل نمبرز بند ہیں اور ان سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے مقامی ذرائع اور سوشل میڈیا پیجز پر ان کے لاپتہ یا اغوا ہونے کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں جو اب غلط ثابت ہو چکی ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ ہفتے قبل بھی آصف خان محسود کے پٹویلائی کے علاقے سے اغوا کی افواہیں اڑی تھیں جو بعد میں بے بنیاد ثابت ہوئی تھیں۔











